01 دسمبر ، 2022
وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کو برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی 2022 کی 25 با اثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
فنانشل ٹائمزکی جانب سے 2022 کی 25 سب سے زیادہ بااثر خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں وفاقی وزیر سینیٹرشیری رحمان بھی شامل ہیں۔
فنانشل ٹائمز نے شیری رحمان کو "تحمل سے گفت وشنید کرنے والی خاتون" کا لقب دے دیا ہے۔
فہرست میں فن لینڈ کی وزیراعظم، نائب صدر کولمبیا، وزیراعظم بارباڈوس،میگھن مارکل اور دیگر شامل ہیں۔
شیری رحمان کے لیے اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجنٹ کی جانب سے تعریفی کلمات میں کہا گیا ہےکہ گزشتہ ماہ کوپ27 میں شیری رحمان نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں پر طاقت ور بیان دیا اور ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا نا انصافی کو اجاگر کیا۔
نکولا اسٹرجنٹ کے مطابق شیری رحمان نے بتایا کہ عالمی شمال اور عالمی جنوب کے درمیان ڈائیلاگ کامیاب نہیں ہو رہا، شیری رحمان نے اپنی دلیل کی طاقت سے ترقی یافتہ ممالک کو اپنی بات سننے پر مجبورکیا، شیری رحمان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شکار کمیونٹیز اور ممالک کی نمائندگی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ امید ہے شیری رحمان ماحولیاتی انصاف اورعالمی مالیاتی اصلاحات کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گی۔