02 دسمبر ، 2022
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ ایران کے اندر حالیہ پرتشدد مظاہرے دشمنوں کی چال اور سازش ہیں جس کا مقصد ایران کی تقسیم، اسلامی نظام کا خاتمہ اور فرقہ وارانہ جنگ کا آغاز ہے۔
خانہ فرہنگ ایران کوئٹہ میں "اتحاد امت اور اسلامی یکجہتی کا فروغ" کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں نے ایرانی عورتوں کو ایران کے موجودہ اسلامی نظام کے خلاف "عورت، زندگی، آزادی" کے پرفریب نعروں کے ذریعے ورغلانے اور قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا ایران میں مظاہرین کو ہر طرح کی حمایت کے علاوہ اسلحہ وغیرہ بھی فراہم کرتا ہے لیکن اس کے باوجود ایرانی حکام کی بصیرت اور مدبرانہ سوچ سے ایران میں تمام مغربی لیبرل اقدار کو اپنی منہ کی کھانی پڑی۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن اب ہائبرڈ جنگ ذریعے ایران کے خلاف سازشوں میں مصروف ہو چکے ہیں، خدانخواستہ اگر ایران کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے منفی اثرات خطے کے دیگر تمام ممالک تک پھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی ہماری سکیورٹی اور پاکستان کی ترقی ہماری ترقی ہے، ہم سوائے اسرائیل کے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔