پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2022

عمران خان کو غلط فہمی ہےکہ الیکشن ہوئےتو انہیں دو تہائی اکثریت ملےگی: یوسف رضا گیلانی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہےکہ عمران خان کو غلط فہمی ہےکہ اگر الیکشن ہوئے تو انہیں دو تہائی اکثریت ملےگی۔

لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب عمران خان نے الیکشن کروانےکا ہمارا مطالبہ نہیں مانا تھا تو ہم کیسے مانیں، عمران خان اگر بات کرنا چاہ رہے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تاکہ راستے نکلیں، عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، انہیں معلوم ہے کہ اگر وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دو صوبوں میں ہی الیکشن ہوں گے۔

 نام لیے بغیر پرویز الہٰی پر تنقید کرتے ہوئے بولےکہ جو وزیر اعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا وہ اسمبلی کیا توڑےگا؟ عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ ایکسپوز  ہوچکا ہے، جب ان کی باری آئی ہے تو کہتے ہیں فوری الیکشن ہو جائیں تاکہ ان کی کوئی بات باہر نہ نکلے ، ہم نے چھوٹے چھوٹےکیسز میں 10 دس سال قید بھگتی ہے، ان کے تو بڑے بڑے کیسز ہیں اس لیے خوفزدہ ہیں اور فوری الیکشن چاہتے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہت غلط فہمی ہےکہ اگر الیکشن ہوئے تو انہیں دو تہائی اکثریت ملےگی، ہماری اتحادی جماعت اپنے اپنے علاقوں میں بڑی با اثر ہیں، آئندہ بھی مخلوط حکومت بنےگی۔

مزید خبریں :