کھیل
Time 05 دسمبر ، 2022

پنڈی ٹیسٹ میں شکست اور پچ سے متعلق محمد رضوان کا ردعمل سامنے آگیا

ایسی پچ کو ٹیسٹ کرکٹ کے لائق نہیں سمجھتا، پچ ایسی تھی ہی نہیں جس سے کسی کو سپورٹ مل سکتی: وکٹ کیپر بیٹر— فوٹو: فائل
ایسی پچ کو ٹیسٹ کرکٹ کے لائق نہیں سمجھتا، پچ ایسی تھی ہی نہیں جس سے کسی کو سپورٹ مل سکتی: وکٹ کیپر بیٹر— فوٹو: فائل

راولپنڈی: انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں محمد رضوان نے کہا کہ ایسا ٹارگٹ ملنے کے بعد ہدف کی طرف جانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوتا، انگلینڈ نے جو دلیرانہ فیصلہ کیا میں نے آج تک ایسا نہیں دیکھا، انگلینڈ راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے کا مستحق تھا۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ انگلینڈ ایسی دلیرانہ کرکٹ کھیلےگا، انگلینڈ کے حق میں جیت بنتی تھی، راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ ایسی تھی ہی نہیں جس سے کسی کو سپورٹ مل سکتی، راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے سازگار پچ نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ پلان بناتی ہے، رائے اپنی ضرور دیتاہوں، میں ایسی پچ کو ٹیسٹ کرکٹ کے لائق نہیں سمجھتا، پاکستان کے بولرز میں انجری کے مسائل چل رہے ہیں، سعود شکیل نے ڈیبیو  پر بہت اچھا کھیلا، زاہدمحمود نے اچھی بولنگ کی لیکن انگلینڈ نے اُمید سے زیادہ اچھا کھیلا۔

محمد رضوان نے کہا کہ انگلینڈ مختلف کرکٹ دنیا کے سامنے لا رہا ہے،  پاکستان ایک دم اپنی کرکٹ تبدیل نہیں کرسکتا، انگلینڈ جیسی بیٹنگ چاہیے توپاکستان کو بہت بڑے فیصلے کرنے پڑیں گے، ہم نے اپنے طریقے سےکھیلنے کی کوشش کی لیکن انگلینڈ بہادری سے میچ لے گیا۔

رضوان نے کہا کہ پاکستان کے پاس ابھی بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کا موقع ہے۔

مزید خبریں :