لڈو کی لت: خاتون نے مالک مکان سے لگائی شرط میں خود کو ہی داؤ پر لگادیا

رینو کا شوہر راجستھان کے شہر جے پور میں ملازمت کرتا تھا اور جو پیسے بیوی کو بھیجتا وہ لڈو میں شرط لگا کر اڑا دیتی: رپورٹس—فوٹو: فائل
رینو کا شوہر راجستھان کے شہر جے پور میں ملازمت کرتا تھا اور جو پیسے بیوی کو بھیجتا وہ لڈو میں شرط لگا کر اڑا دیتی: رپورٹس—فوٹو: فائل

لڈو کی لت میں مبتلا بھارتی خاتون نے پیسے ختم ہونے کے باعث خود کو ہی داؤ پر لگادیا اور شرط ہار گئیں۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے دیو کلی میں پیش آیا جہاں رینو نامی خاتون کو اپنے مالک مکان سے لڈو کھیلنے کی لت لگ گئی تھی، وہ باقاعدہ شرط لگا کر گیم کھیلا کرتی تھی لیکن ایک دن پیسے ختم ہوئے تو خاتون نے خود کو ہی داؤ پر لگادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رینو کا شوہر راجستھان کے شہر جے پور میں ملازمت کرتا تھا اور جو پیسے بیوی کو بھیجتا وہ لڈو میں شرط لگا کر اڑا دیتی تاہم ایک دن اس کے پاس پیسے ختم ہوگئے جس کے بعد اس نے اپنے آپ کو داؤ پر لگایا اور گیم ہار گئی۔

بعدازاں خاتون نے پریشان ہوکر شوہر کو فون کیا اور معاملے کی وضاحت دی جس کے بعد شوہر فوری طور پر اپنے گھر آیا اور پولیس میں شکایت درج کرادی۔

خاتون کے شوہر نے بتایا کہ وہ 6 ماہ قبل ہی نوکری کے لیے جے پور گیا تھا، ان کے دو بچے ہیں لیکن اب چونکہ بیوی شرط ہار گئی اس لیے وہ مکان مالک کے ساتھ قیام پذیر ہے۔

پولیس کے مطابق انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور وہ جلد ہی مکان مالک سے پوچھ گچھ کریں گے۔

مزید خبریں :