اسلام آباد میں پشاور موڑ پر واقع اتوار بازار کے اسٹالز میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

آگ لنڈا سیکشن کی دکانوں میں لگی جس کے نتیجے میں کئی دکانیں جل گئیں— فوٹو: اسکرین گریب
آگ لنڈا سیکشن کی دکانوں میں لگی جس کے نتیجے میں کئی دکانیں جل گئیں— فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد میں پشاور موڑ پر واقع اتوار بازار کے اسٹالز میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔

اتوار  بازار میں آگ قالینوں کے اسٹالز  پر لگی تھی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ اور دیگر  ریسکیو ٹیموں نے  آگ پرقابو پا لیا، ریسکیو راولپنڈی اور مسلح  افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا،  اتوار بازار میں آگ کپڑے  اور قالینوں کے اسٹالز  میں لگی تھی۔

ریسکیو حکام  کا کہنا ہے کہ  300 سے زائد دکانوں اور اسٹالز کو نقصان پہنچا ہے،  اتوار بازار کے گیٹ نمبر 7 کو مکمل سیل کردیاگیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اتوار بازار میں آج شام ویلڈنگ کا کام ہورہا تھا جس سے ممکنہ طور پر آگ بھڑکی۔

آگ بجھانے میں پاک بحریہ نے بھی سول انتظامیہ کی مدد کی، پاک بحریہ کی ٹیم اور 2 فائر ٹینڈرز  نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ  آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے آگ واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔

مزید خبریں :