08 دسمبر ، 2022
ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک سے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز چھن گیا۔
فوربز کی بلین ائیر لسٹ کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرنلٹ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے سی ای او برنارڈ آرنلٹ نے 7 دسمبر کو بھی کچھ گھنٹوں کے لیے ایلون مسک کو پیچھے چھوڑا تھا مگر پھر ٹیسلا کے بانی دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے تھے۔
فوربز کی رئیل ٹائم بلین ائیر لسٹ کے مطابق اس وقت برنارڈ آرنلٹ 186.3 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
اس کے مقابلے میں ایلون مسک اس وقت 185.4 ارب ڈالرز کے مالک ہیں، یعنی فرق بہت کم ہے تو زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ ایک بار پھر نمبرون پوزیشن پر پہنچ جائیں گے۔
ایلون مسک ستمبر 2021 سے فوربز کی فہرست میں دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کیے ہوئے ہیں اور انہوں نے یہ اعزاز ایمازون کے بانی جیف بیزوس سے حاصل کیا تھا، جو اس وقت چوتھے نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی دولت میں 2022 کے دوران 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی آچکی ہے جس کی وجہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی آنا ہے۔
اس کے مقابلے میں برنارڈ آرنلٹ کے اثاثوں میں حالیہ مہینوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، وہ اکتوبر میں 137 ارب ڈالرز کے مالک تھے۔
دوسری جانب بلومبرگ کی بلین ائیر انڈیکس میں ٹیسلا کے سی ای او 171 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص قرار دیے گئے ہیں جبکہ برنارڈ آرنلٹ 166 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔