08 دسمبر ، 2022
کئی عرصے سے بالی وڈ کی نامور جوڑی کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آرہی ہیں۔
اداکار جوڑی کے معاشقے اور پھر جلد شادی کے بندھن میں بندھ جانے کی چہ مگوئیاں اس وقت سے ہورہی ہیں جب دونوں کی سپر ہٹ فلم 'شیر شاہ' 2021 میں ریلیز ہوئی۔
میڈیا نے کئی مواقع پردونوں سے اس حوالے سے سوالات کیے جنہیں خوبصورتی سے ٹال دیا گیا تاہم بھارتی میڈیا نے کئی بار دعویٰ کیاکہ کیارا اور سدھارتھ کی شادی اپریل 2023 میں ہوجائے گی اور اس حوالے سے شادی کا مقام بھی طے کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیارا اور سدھارتھ کی شادی بھارتی شہر چندی گڑھ کے مہنگے ترین ولا میں ہوگی، یہ وہی مقام ہے جہاں بالی وڈ اداکار راج کمار اور اداکارہ پترا ریکھا پاؤل کی شادی ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا اب دعویٰ کررہا ہے کہ سدھارتھ اور کیارا اپنی شادی کے مہمانوں کی فہرست بنارہے ہیں، دونوں انڈسٹری میں اپنے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر دوستوں کے کافی قریب ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ انہیں شادی کے خصوصی دعوت نامے بھیجنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
سدھارتھ اور کیارا کی شادی میں شرکت کے لیے مہمانوں کی فہرست میں شامل کچھ نام سامنے لایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف ہدایتکار کرن جوہر، اداکارہ کترینہ کیف ان کے شوہر اور اداکار وکی کوشل، اداکارہ راکل پریت سنگھ،جیکی بھگنانی، اداکار ورون دھون شادی میں بلائے جانے والے مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
تاہم سدھارتھ اور کیارا کی جانب سے اب تک شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
اس لیے جب تک دونوں اداکار کی جانب سے شادی کا اعلان نہیں کیا جاتا ، یہ ساری افواہیں ہی کہلائیں گی۔