09 دسمبر ، 2022
پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے پاکستانی کرنسی کے نوٹ تبدیل کرانے کی آخری مہلت ختم ہونے کے قریب آگئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 6 سال قبل ختم کیے گئے چار مختلف مالیتوں کے پاکستانی کرنسی کے پرانے بڑے نوٹ تبدیل کرانے کے لیے گزشتہ ماہ شہریوں کو ایک اور آخری موقع فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک ڈیڈلائن دی تھی جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔
اسٹیٹ بینک آپ پاکستان کے فنانس ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان نے 10، 50، 100 اور 1000 روپے مالیت کے چھوٹے اور نئے سائز کے کرنسی نوٹوں کا اجراء سال 2005 سے 2008 کے درمیانی عرصے میں کیا تھا۔
پرانے اور بڑے سائز کے کرنسی نوٹ مارکیٹ سے مرحلہ وار واپس لینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ یکم دسمبر 2016 کے بعد ان نوٹوں کا لین دین مکمل طور پر ختم کر دیا گیا تھا۔ لگ بھگ 6 سال کے عرصے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایسے کرنسی نوٹ رکھنے والے شہریوں کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے 31 دسمبر 2022 تک مہلت دی۔
اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق10، 50، 100 اور 1000 کے بڑے پرانے کرنسی نوٹ رکھنے والے شہری یا ادارے 31 دسمبر 2022 تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کراچی، لاہور، پشاور،کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پاکستان بھر میں اسٹیٹ بینک کی کسی بھی برانچ سے نئے کرنسی نوٹوں میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔