Time 09 دسمبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'بہو اور میرے خلاف گندی باتیں نہ کی جائیں'، صبا نے سوشل میڈیا سے ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

دو روز قبل صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام/سلمان فیصل
دو روز قبل صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام/سلمان فیصل

پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنی بہو نیہا سے متعلق اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی دونوں ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں۔

دو روز قبل صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ویڈیو میں اداکارہ کی جانب سے نیہا پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی جس کے جواب میں نیہا نے بھی نام لیے بغیر ساس اور نند کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس کے بعد صبا فیصل کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے تمام مداحوں اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اسی ویڈیو میں صبا فیصل نے یہ بھی کہا کہ ' میں نے چار سال تک دکھ اور درد کو بیان نہیں کیا اور  اپنی شہرت، عزت اور دولت کی قیمت چکائی، لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ شہرت، دولت اور عزت کمانے والے اداکاروں کی زندگی اور گھروں کی بھی ڈارک سائیڈز ہوتی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے چار سال تک بہو کا مسئلہ برداشت کرکے ایک طرح سے دولت، عزت اور شہرت کی قیمت ادا کی۔

صبا فیصل نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ  وہ ان کے خاندانی مسائل کو سمجھیں اور ان کی بہو سمیت ان کے حوالے سے گندی باتیں نہ کریں اور وہ ان سے متعلق قیاس آرائیاں کرنا بند کریں۔

تاہم اب صبا فیصل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے دونوں ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئی ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب


مزید خبریں :