فیکٹ چیک: شاہ زیب خانزادہ کی ٹوئٹ کو تبدیل کر کے وزیر خزانہ کا غلط حوالہ دیا گیا

شاہ زیب خانزادہ کی 3 دسمبر کی اصل ٹویٹ میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کےحوالے سے کچھ الفاظ شامل کرکے ٹویٹ کو بدلا گیا ہے

ایک اسکرین شاٹ میں جیو ٹیلی ویژن کےصحافی شاہ زیب خانزادہ کا ایک ٹوئٹ دکھایا گیا ہے جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اگر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ملک کی مدد نہ کی تو پاکستان اپنے جوہری اثاثے فروخت کرنے کے لیے تیار ہے، یہ ٹوئٹ جعلی ہے اور اسے صحافی شاہ زیب خانزادہ نے پوسٹ نہیں کیا۔

دعویٰ

3دسمبر کو سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش کرنے لگی جس میں مبینہ طور پر جیو ٹیلی ویژن کے صحافی شاہ زیب خانزادہ کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ دکھایا گیا۔

تصویر وائرل ہونے سے ایک روز قبل شاہ زیب خانزادہ نے اپنے شو”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں وزیر خزانہ کا انٹرویو کیا تھا۔

پوسٹ کی گئی ٹوئٹ میں لکھا تھاکہ ”پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ ایٹمی صلاحیت اب نا ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ملک ابھی بچالیں پانچ سال بعد دوبارہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔ اگر IMF نہیں آتا، انکی منتیں نہیں کرنی۔ ہمارا نواں ریویو مکمل ہے۔ IMF کو پاکستان کو قسط کے پیسے دینے چاہئیں۔ انہیں کہہ دیا ہے کہ آپ کا رویہ abnormalہے۔ اگر IMF نہیں آتا تو ہم جوہری پروگرام بیچ دیں گے یہ پروگرام ویسے بھی خزانے پر بوجھ ہے۔اسحاق ڈار “

فیکٹ چیک: شاہ زیب خانزادہ کی ٹوئٹ کو تبدیل کر کے وزیر خزانہ کا غلط حوالہ دیا گیا

اس ٹویٹ کو فیس بک پر بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت

شاہ زیب خانزادہ کی 3 دسمبر کی اصل ٹوئٹ میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کےحوالے سے کچھ الفاظ شامل کرکے ٹوئٹ کو بدلا گیا ہے۔

”ٹوئٹر ایڈوانس سرچ“ نے صحافی شاہ زیب خانزادہ کی طرف سے پوسٹ کی گئی ایسی کوئی ٹوئٹ ظاہر نہیں کی۔

اسی طرح 2دسمبر کو نشر ہونے والے شاہ زیب خانزادہ کےپروگرام میں نہ ہی وزیر خزانہ نے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ایسا کوئی تبصرہ کیاتھا۔

یہ چیک کرنے کیلئے کہ آیا صحافی شاہ زیب خانزادہ نے اپنی کوئی ٹوئٹ ڈیلیٹ کی ہے، جیو فیکٹ چیک نے” وے بیک مشین “ کا بھی استعمال کیا۔  وے بیک مشین میں بھی جیو فیکٹ چیک کو ایسی کسی ٹوئٹ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

اصل ٹوئٹ شاہ زیب خانزادہ نے 3 دسمبر کو وزیر خزانہ ا سحاق ڈارکے ویڈیو انٹرویو کے ساتھ شیئر کی تھی ، جس میں لکھا تھا کہ”پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرےگا۔کوئی فرق نہیں پڑتا،اگرIMFنہیں آتا،اُنکی منتیں نہیں کرنی۔ میں نےپاکستان کےمعاملات کودیکھناہے۔ہمارا نواں ریویومکمل ہے۔IMFکوپاکستان کوقسط کےپیسےدینےچاہیں۔انہیں کہہ دیا ہےکہ آپکارویہabnormalہے۔اگرIMFنہیں آتاتوہم مینج کرلینگے۔ اسحاق ڈار “

ٹوئٹ کا یہ والا متن کہ” ایٹمی صلاحیت اب نا ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ملک ابھی بچالیں پانچ سال بعد دوبارہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرلیں گے “ اور ” اگر IMF نہیں آتا تو ہم جوہری پروگرام بیچ دیں گے یہ پروگرام ویسے بھی خزانے پر بوجھ ہے“ کو  تبدیل کر کے اصل ٹوئٹ میں شامل کر دیا گیا۔

یہ الفاظ نہ تو کبھی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنےکہے اور نہ ہی صحافی شاہ زیب خانزادہ نے یہ ٹوئٹ کیا۔

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔