Time 10 دسمبر ، 2022
پاکستان

انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام

انسانی حقوق کے عالمی دن پر لازم ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں: وزیر اعظم — فوٹو: فائل
انسانی حقوق کے عالمی دن پر لازم ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں: وزیر اعظم — فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں عدم مساوات اور نا انصافی سے پاک معاشرے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لازم ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہے، حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے، حق خود ارادیت کو دہشتگردی اور انسداد دہشتگردی کے بیانیے کے ذریعے پامال کیا گیا، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے آزادی کے حق کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا، اس سلسلے میں ہمیں اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بانیِ پاکستان کے ویژن کو فراموش نہیں کرناچاہیے، قائداعظم ایک آزاد ملک چاہتے تھے جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس سال کا تھیم وقار، آزادی اور انصاف سب کیلئے ہے، یہ نظریات شہری، اقتصادی، سماجی سیاسی خوشحالی کیلئے ضروری ہیں، پاکستان کا آئین ان اقدار کو بطور بنیادی حقوق شامل کر کے اس وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سال پاکستان کیلئے خاصا مشکل رہا ہے، معاشی عدم استحکام، سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے عوام نے بہت نقصان اٹھایا، ہمیں پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کے اہم اصولوں سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ (یواین) جنرل اسمبلی نے 74 سال قبل انسانی حقوق کا عالمی منشورمنظور کیا تھا۔

مزید خبریں :