دنیا
Time 11 دسمبر ، 2022

چین میں پہلی بار مقامی طور پر مسافر طیارے کو تیار کرلیا گیا

پہلا میڈ ان چائنا طیارہ / فائل فوٹو
پہلا میڈ ان چائنا طیارہ / فائل فوٹو

چین نے مسافر بردار طیارے تیار کرکے فروخت کرنا شروع کردیے ہیں۔

چین میں تیار کیا گیا پہلا مسافر طیارہ COMAC سی 919 گزشتہ دنوں چائنا ایسٹرن ائیرلائنز (سی ای اے) کے حوالے کیا گیا۔

یہ چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بہت بڑا سنگ میل ہے۔

ائیربس اور بوئنگ کے مقابلے میں پہلی بار چین میں مقامی طور پر عالمی معیار کے مسافر طیارے کو تیار کیا گیا۔

شنگھائی میں سی 919 نے پہلی پرواز کے دوران 15 منٹ فضا میں گزارے۔

یہ طیارہ شنگھائی پوڈونگ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شنگھائی ہونگ چیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک گیا۔

اس طیارے کی تیاری پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا اور 2017 میں پہلی آزمائشی پرواز سے اسے جانچا گیا جبکہ اپریل 2022 میں اس کی فروخت کا پہلا معاہدہ طے پایا۔

29 ستمبر 2022 کو سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن آف چائنا نے کمپنی کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کیا۔

چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کے مطابق آئندہ 2 برسوں کے دوران اسے مزید 4 طیارے فراہم کیے جائیں گے۔

یہ طیارہ ٹوئن انجن سے لیس ہے جس میں 158 سے 192 مسافر سفر کرسکتے ہیں جبکہ 2532 سے 3451 میل تک سفر کرسکتا ہے۔

اسے کمرشل ایوی ایشن کارپوریشن آف چائنا نے تیار کیا ہے جس میں ائیر فلٹریشن سسٹم، مسافروں کے مزاج پر مبنی لائٹ سسٹم اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔

چینی فضائی کمپنی کی جانب سے 2023 کے موسم بہار میں اس طیارے کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنا شروع کیا جائے گا۔

مزید خبریں :