کھیل
Time 12 دسمبر ، 2022

1 رن پر آؤٹ ہونے کے بعد کپتان کیخلاف نعرے، بھارتی صحافی بابر کی حمایت میں بول پڑے

اویناش نے ایک ٹوئٹ میں بابر کی تصویر شیئر کی اور آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے پنجابی گانے کے الفاظ لکھے۔/ فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
اویناش نے ایک ٹوئٹ میں بابر کی تصویر شیئر کی اور آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے پنجابی گانے کے الفاظ لکھے۔/ فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دو تماشائیوں نے نعرے بازی کی جس کے بعد ٹوئٹر پر کپتان ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے۔

ہوا کچھ یوں کہ جب بابر پاکستان کی دوسری اننگز میں اولی روبنسن کی گیند پر ایک رن پر بولڈ ہوئے اور وہ پویلین کی جانب لوٹ رہے تھے تو تماشائیوں میں بیٹھے دو افراد نے کپتان کے خلاف نعرے بازی کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بعدازاں بابر کی حمایت میں پاکستانی صارفین سمیت کئی صحافیوں نے بھی ٹوئٹس کیں۔

احتشام الحق نے کہا 'دنیائے کرکٹ بابر کی تعریف کرتی ہے، وہ ایک انٹرنیشنل اسٹار ہیں، وہ تمام ٹیموں کے خلاف اسکور کرتے ہیں، بابر پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس قسم کی نعرے بازی وہ بھی ہوم گراؤنڈ پر ایسے کھلاڑی کے خلاف بری بات ہے'۔

ارفع فیروز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا 'ہم ان کی عزت نہیں کریں گے جو ہمارے کپتان بابراعظم کی عزت نہیں کرتے، وہ اس قوم کا فخر ہیں اور اس قوم کو ان پر فخر ہے'۔

صحافی فرید خان نے ٹوئٹر پر بابر کی تصویر شیئر کی جس میں بابر کو انگلش  تماشائی انہیں سراہ رہے ہیں، فرید نے  کہا 'ایسے کسی کی کلاس  کو تسلیم کیا جاتا ہے، یہ ایک اعلیٰ طبقے کا کراؤڈ ہے اور اس میں موجود تمام افراد اچھے لوگ ہیں'۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے بابر کی حمایت میں اپنی پروفائل پکچر ہی تبدیل کرڈالی اور بابر کی ٹیسٹ کی تصویر لگائی۔

دوسری جانب بھارت کے صحافی اویناش آریان نے بھی بابر کی حمایت میں آواز اٹھائی اور تنقید کرنے والے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کو خاموش کروایا۔

انہوں نے بابر کے لیے کئی ٹوئٹس کیں، ایک ٹوئٹ میں کہا 'ویرات کوہلی کے مداح خوش ہورہے ہیں کہ بابر کو گراؤنڈ میں برا بھلا کہا گیا، اور جو ان کے آئیڈیل کو کئی سالوں سے برا بولا جارہا ہے اس کا کیا؟'

اویناش نے ایک ٹوئٹ میں بابر کی تصویر شیئر کی اور آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے پنجابی گانے کے الفاظ لکھے ۔

واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 26 رنز سے شکست ہوئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے ہفتے کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :