12 دسمبر ، 2022
بل گیٹس اس وقت 114 ارب ڈالرز کے مالک ہونے کی وجہ سے دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں اور برسوں تک نمبرون بھی رہ چکے ہیں۔
مگر عام زندگی میں وقت گزارنے کے لیے ان کا پسندیدہ مشغلہ کیا ہے؟
اس کا جواب بل گیٹس نے خود ایک تقریب سے خطاب کے دوران دیا۔
متحدہ عرب امارات کے شہر ابوطبی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بل گیٹس نے بتایا کہ وہ فارغ وقت میں آن لائن گیم ورڈل کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اس گیم سے محبت کرتے ہیں اور گیم کے الفاظ ڈھونڈنے کے لیے چند حکمت عملیوں کو بھی آزما چکے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے کہا کہ 'اس ورڈ گیم میں وقت ضائع کرنا مجھے پسند ہے، اگرچہ میں زیادہ وقت تو ضائع نہیں کرتا مگر یہ وقت گزارنے کے لیے اچھا مشغلہ ہے'۔
ورڈل کھیلنے والوں کو روزانہ 5 حروف کے ایک لفظ کو بوجھنا ہوتا ہے اور اس کے لیے انہیں 6 کوششیں کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
گیم میں لفظ کے لیے کوئی اشارہ نہیں دیا جاتا اور ہر بار حرف کو ٹائپ کرنے پر لیٹر باکس کا رنگ سبز، زرد یا گرے میں تبدیل ہوجاتا ہے جس سے کھلاڑی کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کا اندازہ کس حد تک درست رہا۔
یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ گیم کے الفاظ جاننے کے لیے رخ کرتے ہیں۔
جوش ورڈل نے اس گیم کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنی گرل فرینڈ پلک شا کو دیے جانے والے تحفے کے طور پر تیار کیا جو 2020 میں عوام کے لیے متعارف کرائی گئی۔
مگر اسے مقبولیت 2021 کے آخر میں حاصل ہوئی جس کی متعدد نقول بھی تیار ہوئیں جبکہ فروری 2022 میں اسے نیویارک ٹائمز کمپنی نے خرید لیا۔
ورڈل 2022 میں دنیا بھر میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا لفظ بھی رہا۔