فیکٹ چیک : میٹنگ کے دوران چوہے کےکیک کھانے والی وائرل ویڈیو بلوچستان کی نہیں ہے

حقیقت میں یہ ویڈیوبھارت میں بنائی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پرایک سرکاری میٹنگ کی ویڈیووائرل ہوئی، جس میں واضح طور پر ایک چوہے کو کیک کا ٹکڑا کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتاہے۔اس ویڈیو کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جس میںیہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بنائی گئی ہے۔

حقیقت میں یہ ویڈیوبھارت میں بنائی گئی ہے۔

دعویٰ

متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شیئرکی گئی چھبیس سیکنڈز کی اس ویڈیو میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی زیرِ صدارت ہونےوالی ایک سرکاری میٹنگ کے دوران میز پر پڑےکیک کےٹکڑے کو چوہا کھا رہا ہے۔

7دسمبر کو ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ” چیف سیکرٹری بلوچستان کے ساتھ یہ چوہا کیا کررہا ہے،Watch till End....“

اس ویڈیوکلپ کو5500 سےزائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ایک فیس بک صارف نے یہی ویڈیو اس کیپشن کے ساتھ پوسٹ کی کہ ” چیف سیکرٹری بلوچستان آج میٹنگ میں مصروف۔ ۔ اور چوہا چیف سیکرٹری بلوچستان کے آگے رکھا کیک کھانے میں مصروف۔۔“

حقیقت

یہ ویڈیو 7 دسمبر کو پاکستان کے مختلف سوشل میڈیاپلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگی، لیکن اسے پہلی بار 5 دسمبر کو انٹرنیٹ پر پوسٹ کیا گیا۔

کئی بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس، ای ٹی وی بھارت اور این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیومقبوضہ کشمیر میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

ای ٹی وی بھارت کے مطابق، یہ ویڈیو کشمیر کی ایک یونیورسٹی میں منعقدہ گفتگو کے دورا ن بنائی گئی ۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

جیو فیکٹ چیک گوگل ایڈوانس سرچ کے ذریعے یہ پتہ لگانے میں کامیاب ہو گیا کہ یہ ویڈیو پہلی بار 5 دسمبر کو ڈاکٹر عارف خواجہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔

ڈاکٹر عارف خواجہ مقبوضہ کشمیر میں ڈینٹل سرجن ہیں۔ ان کی پوسٹ کی گئی ویڈیو کو اب تک 87000سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

جیو فیکٹ چیک نےجب ڈاکٹر عارف خواجہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ یہ ویڈیو جموں و کشمیر میں کسی میٹنگ کی ہے۔

اس کے علاوہ، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے بھی جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ ویڈیو بلوچستان کی نہیں بلکہ ”بھارت کے کسی مقام“ کی ہے۔

محمد حمزہ شفقات نے جیو فیکٹ چیک کے ساتھ چیف سیکرٹری بلوچستان کے میٹنگ روم کی ویڈیوبھی شیئر کی، جو وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے میٹنگ روم سے بالکل مختلف ہے ۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔