Time 14 دسمبر ، 2022
پاکستان

مجھے اختیار ہے جب چاہوں پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں: گورنرپنجاب

پرویز الٰہی اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے، امید ہے اسمبلیاں توڑنے پر عمران خان ماضی کی طرح یوٹرن لے لیں گے: بلیغ الرحمان— فوٹو: فائل
پرویز الٰہی اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے، امید ہے اسمبلیاں توڑنے پر عمران خان ماضی کی طرح یوٹرن لے لیں گے: بلیغ الرحمان— فوٹو: فائل

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجنے کا آئینی حق ہے لیکن میرے پاس بھی اختیار ہے کہ جب چاہوں وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں۔

 گورنر بلیغ الرحمان نے غیر ملکی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ امید ہے عمران خان ماضی کی طرح اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی یوٹرن لیں گے، وہ یوٹرن کے ماہر ہیں، پہلے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان تو کریں جس کی کوئی امید نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پرویز الٰہی اسملبی نہیں توڑنا چاہتے ہیں، پرویزالٰہی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنےکی سمری بھیجنے کا آئینی حق ہے اور بطورگورنر سمری وصول ہونے کے بعد 48 گھنٹوں میں فیصلہ کروں گا۔

گورنرپنجاب کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن کے پاس تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اختیار ہے، میں کسی بھی وقت وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتیں انتخابات سے گھبرانے والی نہیں ہیں، ہم ہر وقت عوام کے پاس جانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت میرے مہمان ہیں، ان سے ملاقات ہوتی ہے تو باتیں بھی ہوتی ہیں، حکومت اوراپوزیشن میں بیک ڈور رابطے بھی ہوتے ہیں، بیک ڈور مذاکرات کی باتیں پبلک نہیں کر سکتا، صدر مملکت اور اسحاق ڈار کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

نواز شریف کے حوالے سے گورنرپنجاب کا کہنا تھاکہ نواز شریف اپنا علاج مکمل ہونے پر جلد پاکستان آ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیشہ دھیمے لہجے میں رہتا ہوں لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے جہاں ضرورت پڑی رویہ جارحانہ بھی کر سکتا ہوں۔

مزید خبریں :