19 دسمبر ، 2022
ارجنٹینا کی ٹیم کے منیجر اور سابق انٹرنیشنل فٹبالر لیونل سیلونی کا کہنا ہے کہ اگر میسی اپنے ملک کے لیے مزید فٹبال کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہم اگلے ورلڈکپ کے لیے ان کی جرسی تیار رکھیں گے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے دفاعی چیمپئن فرانس کو پنالٹی ککس پر شکست دیکر 36 سال بعد تیسری بار فٹبال ورلڈکپ جیتا۔
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کے حوالے سے کہا جا رہا تھا ورلڈکپ کا فائنل فٹبال کے عظیم کھلاڑی کا ممکنہ طور پر آخری میچ ہو گا تاہم فائنل جیتنے کے چند ہی منٹ بعد میسی کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر ہونے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔
گزشتہ روز فرانس کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے کوچ اور منیجر لیونل سیلونی کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر لیونل میسی فیصلہ کر لیتے ہیں کہ وہ آگے بھی کھیلیں گے تو ہمیں اگلے ورلڈکپ کے لیے ان کی 10 نمبر والی جرسی تیار رکھنی چاہیے اور ہم تیار رکھیں گے۔
لیونل سیلونی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میسی نے اپنے کیرئیر میں جو چاہا وہ حاصل کیا اور انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں میں جو چیز منتقل کی ہے وہ ناقابل یقین ہے، میں نے ڈریسنگ روم میں میسی جیسا متاثرکن شخص اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔
دوسری جانب فٹبال ورلڈکپ کا فائنل جیتنے کے بعد ارجنٹینا کے منیجر لیونل سیلونی کی خوشی کے مارے زارو قطار رونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔