24 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وضاحت کی ہے کہ شاہد آفریدی نے منیجمنٹ کمیٹی میں کام کرنے سے انکار نہیں کیا۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی اور ساتھ ہی کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی قائم کی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے ساتھ دیگر ارکان میں شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثنا میر، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ اور ایاز بٹ، سابق کپتان شاہد آفریدی، ایزد سید، شفقت رانا، اور چوہدری عارف سعید بھی شامل ہیں۔
تاہم گزشتہ روز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کرلی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کے بھی منیجمنٹ کمیٹی میں کام کرنے سے انکار کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کو اپنی مصروفیات کی وجہ سے وضاحت درکار تھی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی کو بتایا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا، ان سے ویڈیو لنک پر مشاورت ہوگی،مصروفیات سےفراغت پر وہ میٹنگ میں آئیں گے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی پر توجہ دینا چاہتا ہوں،اگلے کچھ ماہ ٹی وی شوزنہیں کروں گا۔