Time 25 دسمبر ، 2022
کھیل

بیٹنگ ہماری اسٹرینتھ، کراچی کی وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے: بابر اعظم

ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی میچ تبدیل کر دیتی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی: کپتان قومی ٹیم۔ فوٹو پی سی بی
 ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی میچ تبدیل کر دیتی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی: کپتان قومی ٹیم۔ فوٹو پی سی بی 

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے سلیکٹرز سے بات ہو گئی ہے، کراچی ٹیسٹ کے لیے فائنل الیون دیکھ کر منتخب کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی میچ تبدیل کر دیتی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی۔

ان کا کہنا تھا انگلینڈ کے خلاف جو بہترین الیون لگ رہی تھی وہ ہم نے کھلائی، شکست کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے لیکن پورا یقین ہے کم بیک ضرور کریں گے، پریشر نہیں لیتا کیونکہ دباؤ میں گیم اور خراب ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق مجھ سے بھی بات ہوئی تھی، سلیکٹر کے ساتھ بات ہو گئی ہے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل الیون ان کے مشورے سے منتخب کریں گے، جو ٹیم کے لیے بہتر ہوگا وہی کریں گے، میدان کی حکمت عملی حریف کی پوزیشن دیکھ کر اپناتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس وقت ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہے، بیٹنگ ہی ہماری اسٹرینتھ ہے، وکٹ ضرور ٹیم کو سپورٹ کرتی ہے مگر آپ کو کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ کافی اچھی لگ رہی ہے، وکٹ آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اچھی نہیں رہی، ہمارا فوکس ٹیسٹ سیریز جیتنے پر ہے۔

تین چار دن میں چیزیں تبدیل ہوئی ہیں لیکن ہمارا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، ہمارا فوکس گراونڈ پر ہے، وہاں پرفارم کرنا ہے، سیریز کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں :