سوشل میڈیا پر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر رداری اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصویر وائرل ہو ئی تھی
27 دسمبر ، 2022
سوشل میڈیا پر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر رداری اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصویر وائرل ہو ئی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے وزیر خارجہ کو ملاقات کے دوران اپنے ملک کا جھنڈا استعمال نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔
15 دسمبر کو ایک صارف نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےصدر Csaba Kőrösi کے درمیان ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ”یہ [بلاول بھٹو زرداری] کِسَ مَلک کا وزیرِ خارجہ یے؟؟“
اس ٹوئٹ کو اب تک 279 مرتبہ ری ٹوئٹ اور 667مرتبہ لائک کیا گیا۔
ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھی یہی سوال کیا۔
اس ٹوئٹ کو 3000 سے زیادہ مرتبہ ری ٹوٹٹ کیا گیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ” بدقسمتی سے غیر ملکی پاکستان پر حاکمیت کر رہے ہیں ، اس لیے پاکستانیوں کو روٹی کپڑا اور مکان میسر نہیں ، یہ غیرملکی حکمران جوتے 80 لاکھ کے پہنتے ہے ، پاکستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ جھنڈا کس ملک کا لگا ہوا ہے ؟“
حقیقت
حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس لیے وزیر خارجہ پاکستان کے پیچھےہنگری کا جھنڈاتھا، جس ملک سے یونائیٹڈ نیشنز جنرل اسمبلی (یو این جی اے )کے صدر کا تعلق ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر Csaba Kőrösi سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے جواب میں لکھا کہ ”UNGA کے صدر کا تعلق ہنگری سے ہے اس لیے UN [پرچم] کے علاوہ دفتر میں ہنگری کا جھنڈا بھی دیکھا جا سکتا ہے۔“
اس کے علاوہ، نیویارک میں پاکستان کے پریس کونسلر نے بھی جیو فیکٹ چیک کو میسجز کے ذریعے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر رداری کے پیچھے ہنگری کا جھنڈا ہے۔
انہوں نے اپنے میسج میں لکھا کہ”یہ دو طرفہ ملاقات نہیں ہے،یہ PGA [پریزیڈنٹ جنرل اسمبلی] کا دفتر ہے۔ لہذا، پی جی اے کے ملک [ہنگری] اور اقوام متحدہ کےجھنڈے لگائے گئے ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقوام متحدہ کا پروٹوکول تھا۔
جیو فیکٹ چیک کواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ویب سائٹ سے معلوم ہوا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے اپنے دفتر میں ہونے والی دیگر ملاقاتوں میں بھی اسی پروٹوکول کی پیروی کی تھی، جہاں ایک طرف اقوام متحدہ کا جبکہ دوسری طرف ہنگری کا جھنڈالگایا ہوا تھا۔
ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔