28 دسمبر ، 2022
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے لاہور میں لیجنڈ اداکار فردوس جمال کی عیادت کی اور انہیں علاج معالجے کے لیے ایک کروڑ روپےکا چیک پیش کیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور امیر مقام نے لاہور میں سینیئر اداکار فردوس جمال سے ان کےگھر پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم کے مشیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے فردوس جمال کو علاج معالجے کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا، فردوس جمال نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اداکار فردوس جمال کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا تھا، ہم نے سیاسی رنجشوں میں اس کا کیا حال کردیا ہے۔
خیال رہےکہ فردوس جمال کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔
اس موقع پر امیر مقام کا کہنا تھا کہ آج میں اپنے دوست فردوس جمال کےگھر عیادت کے لیے آیا ہوں، فردوس جمال کو علاج کے لیے حکومت ہر طرح کی مدد فراہم کرےگی، فردوس جمال کے علاج معالجے کے لیے ہر سطح پر کوشش کریں گے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اور پارٹی فنکاروں،ادیبوں اور شاعروں کا دل سے احترام کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک فرد واحد کی خواہش کے مطابق نہیں بلکہ آئین اور قانون کے مطابق چلتا رہےگا، عمران خان جھوٹ کا ہیرو ہے اور سیاست کی ابتدا بھی جھو ٹ سےکی، اسمبلیوں کو توڑنے سے متعلق بھی عمران خان آج تک جھوٹ بولتے رہےہیں۔