فیکٹ چیک: اسلام آباد سےکراچی دوطرفہ ائیر ٹکٹ کی قیمت80 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی

متعدد سوشل میڈیا صارفین یہ دعویٰ کرتے نظر آئے کہ اسلام آباد سے کراچی ہوائی جہاز کےدو طرفہ ٹکٹس کی قیمتیں اس ماہ 80,000روپے تک پہنچ گئیں، جوکہ ان کی اصل قیمت سے دوگنا ہیں۔

حال ہی میں متعدد سوشل میڈیا صارفین یہ دعویٰ کرتے نظر آئے کہ اسلام آباد سے کراچی ہوائی جہاز کےدو طرفہ ٹکٹس کی قیمتیں اس ماہ 80,000روپے تک پہنچ گئیں، جوکہ ان کی اصل قیمت سے دوگنا ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل سچ ہے۔

دعویٰ

24 دسمبر کو ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ کرائے مناسب نہیں ہیں،  ملک میں ڈیمانڈ اور سپلائی کے نام پر ایک نیا کارٹیل قائم ہوا۔ تمام پرائیویٹ ائیرلائنز اور پی آئی اے کی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ایک گرافک شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ”پی آئی اے اور نجی ائیر لائنز نے اندرون ملک کرایوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا، اسلام آباد سے کراچی کی واپسی کے ٹکٹ 80,000روپے تک پہنچ گئے۔“

اس ٹویٹ کواب تک 14 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے ٹویٹ کیا کہ ” سرکاری طور پر چلنے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ساتھ ساتھ نجی ائیر لائنز نے بھی اپنے اندرون ملک کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے۔ کرسمس، موسم سرما کی تعطیلات اور نئے سال کی آمد کی وجہ سے ٹکٹ انتہائی مہنگے ہو گئے ہیں۔“

حقیقت

ٹریول ایجنٹس اور ائیر لائنزکےعملے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرسمس سے چند دن قبل اور تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کی وجہ سے ہوائی جہاز کاکرایہ80,000 روپےتک بڑھ گیا۔

پاکستان کی ایک نجی ائیر لائن ائیر سیال کے ایک سینیئر ملازم نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے کہا ”ہاں، یہ سچ ہے۔کچھ دنوں سے فوگ [دھند] تھی اور بچوں کو اسکولوں سےچھٹیاں بھی ہوئی تھیں۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 اور 23 دسمبر کو ٹکٹ کی قیمتیں 80 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھیں، لیکن اب یہ 40 ہزار روپے کے لگ بھگ ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں اسکائی ٹریول اینڈ ٹورز نامی ٹریول ایجنسی کے ایک ملازم نے بھی اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرجیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ سال کے آخری دن ائیر لائن انڈسٹری کے منافع کمانے کے سب سےبہترین دن تصور کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد سے کراچی تک کے یک طرفہ ٹکٹس کی قیمتیں 22 دسمبر کے بعد45,000روپےسے لے کر 55,000روپےتک بڑھ گئی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے کسی نے لاکھ روپے کا بھی ریٹرن [واپسی کا ]ٹکٹ لیا ہو۔

نجی ائیرلائن سیرین ائیر کے ریزرویشن ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے مہران ملک نے بھی تصدیق کی کہ اسلام آباد سے کراچی تک یکطرفہ کرایہ 36,000روپے ہے۔

تاہم،اس ہفتےاب دو طرفہ ٹکٹس کی قیمتیں 40,000روپےکے لگ بھگ ہیں۔

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔