01 جنوری ، 2023
سمندر اپنے اندر بے شمار آبی مخلوق کو پناہ دیے ہوئے ہے جن میں سے کچھ ایسی پراسرار مخلوقات بھی ہیں جو اب تک دنیا کے سامنے نہیں آسکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو ایک آبی حیات کی ہے لیکن وہ آبی حیات انتہائی دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ حیران کر دینے والی بھی ہے۔
ویڈیو میں نظر آنے والی سمندری مخلوق کا جسم اس قدر شفاف ہے کہ اس کے جسم سے آر پار دیکھا جاسکتا ہے اور یہ جانور دکھنے میں جھینگے جیسا ہے۔
ٹوئٹر صارف رین میکر کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ کیڑے نما آبی مخلوق سیسٹیسوما ہے جو سمندر میں 600 سے 1000 میٹر کی گہرائی میں پایا جاتا ہے، اس کی جسامت بلکل شفاف ہے اور صرف آنکھوں میں رنگ ہے۔
صارف کی جانب سے مزید لکھا گیا ہے کہ اس آبی مخلوق کے جسم کے اندر دکھنے والی نارنجی رنگ کی تھیلی انڈوں سے بھری ہوئی ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین حیرت میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں صارفین کی جانب سے ویڈیو کو پسند بھی کیا گیا ہے۔