03 جنوری ، 2023
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ کل کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، خواہش تو ہمیشہ ہوتی ہے کہ آؤٹ نہ ہوں۔
امام الحق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ نے آخری وکٹ پر اچھا کھیلا جس کی وجہ سے چیزیں ان کے حق میں ہوئیں، ہم نے کم بیک کیا، کوشش کریں گے کہ کل میچ پر گرفت مضبوط کریں۔
قومی بیٹر نے کہا کہ پہلے دن کے بعد جو پوزیشن تھی اس کے بعد نیوزی لینڈ کو 350 پر آؤٹ کرنے کی امید تھی، کچھ وہ بھی اچھا کھیلے کچھ ہم نے بھی بولنگ عام سی کی، ہماری کوشش ہوگی کہ خسارے کو کم کریں اور اچھی باریاں لگائیں، جیسے جیسے وکٹ پرانا ہوتا ہے چیلنجز بڑھیں گے۔
امام الحق نے کہا کہ وکٹ پر گراس ہے اس وجہ سے زیادہ خراب نہیں ہوئی، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی فیلڈ پر نفسیاتی طور پر بہت اچھا گیم کھیلتے ہیں، تجربہ کار سائیڈ ہے، نیوزی لینڈ ہمیں چیلنج ضرور دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بطور بیٹنگ یونٹ ہمیں تگڑا ہوکر کھیلنا ہوگا، سعود جب آیا تو ریورس سوئنگ اچھا ہورہا تھا، اس نے کافی اچھا کھیلا، ہر بیٹر چاہتا ہے کہ رن کریں لیکن سعود نے ٹیم کیلئے ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا، وہ ایک گھنٹہ کافی اہم تھا اگر کوئی کھلاڑی آؤٹ ہوجاتا تو مسئلہ ہوتا۔
امام الحق نے کہا کہ کرکٹ میں رن آؤٹ ہوجاتے ہیں، پہلے ایک بار میں ایسے آؤٹ ہوگیا تھا، جاکر بابر اعظم کو منانے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم کو میری ’نو‘ کی آواز نہیں آئی تھی، وہ بہت قریب آگئے تھے، کرکٹ میں کمیونیکشن کی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔