Time 04 جنوری ، 2023
کھیل

کراچی ٹیسٹ: پورا دن بیٹنگ کرنے کے باوجود پاکستان خسارہ ختم نہ کرسکا

سعود شکیل نے 241 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ فوٹو کرک انفو
سعود شکیل نے 241 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ فوٹو کرک انفو

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں جاری ہے، آج کھیل کے تیسرے روز پورا دن بیٹنگ کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹرز پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 449 رنز کو عبور نہ کرسکے۔

نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنالیے ہیں اور اسے پہلی اننگز میں اب بھی 42 رنز کا خسارہ ہے۔

پاکستان نے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز 154 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ اس وقت امام الحق 74 اور سعود شکیل 13 پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

امام الحق اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 83 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد سرفراز احمد 78 رنز  بنا کر  اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

کراچی ٹیسٹ: پورا دن بیٹنگ کرنے کے باوجود پاکستان خسارہ ختم نہ کرسکا

سعود شکیل نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ آغا سلمان 41، حسن علی اور نسیم شاہ 4،4 جبکہ میر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو سعود شکیل 124 اور ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔

دوسرا روز:

میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، جواب میں پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شان مسعود 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان بابر اعظم 24 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 74 اور سعود شکیل 75 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کا آغاز 309 رنز 6 وکٹوں پر کیا لیکن ایش سوڈھی شروعات میں ہی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل نے دسویں وکٹ پر 100 رنز کی پارٹنر شپ مکمل کی جس کے بعد اعجاز پٹیل کا شکار ابرار احمد نے کیا۔

پہلا روز:

میچ کے پہلے روز کیوی اوپنرز ٹام لیتھم اور ڈیوون کونوے نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا، لیتھم نصف سنچری جب کہ ڈیوون کونوے سنچری بناکر پویلین لوٹے۔

 آخری سیشن میں پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور پیسر نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کیوی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی نسیم شاہ نے دلائی، انہوں نے ٹام لیتھم کو 71 رنز پر آؤٹ کیا جب کہ دوسری وکٹ آغا سلمان نے سیٹ بیٹر ڈیوون کونوے کی لی،کونوے 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کین ولیمسن کو نسیم شاہ نے 36 رنز پر آؤٹ کیا، ہینری نکلز 26 رنزبناکر آؤٹ ہوئےجب کہ ڈیرل مچل 3 اور مائیکل برائسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

 پاکستان کی جانب سے آغاسلمان نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :