Geo News
Geo News

Time 06 جنوری ، 2023
پاکستان

عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہوگا: مجلس وحدت مسلمین کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے لاہور زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی اور تحفظات سے آگاہ کیا: اعلامیہ— فوٹو: پی ٹی آئی
مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے لاہور زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی اور تحفظات سے آگاہ کیا: اعلامیہ— فوٹو: پی ٹی آئی 

مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے اعلان کیا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کیلئے  عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہو گا۔

مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے لاہور زمان پارک میں سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے عمران خان کو پنجاب حکومت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے تمام تحفظات عمران خان کو بیان کیےہیں اور انہوں نے ان تحفظات کو حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہوگا، ان کا جو بیانیہ ہے وہ ہمارا بیانیہ ہے، کسی کی غلامی منظور نہیں، دین اور دستور یہی کہتا ہے۔

علامہ راجہ ناصر کاکہنا تھاکہ ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہوں گے، ہم نے کوئی سرکاری عہدے قبول نہیں کیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ایم ڈبلیو ایم کی سیدہ زہرہ نقوی پی ٹی آئی کی مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔