09 جنوری ، 2023
نوجوانوں میں مقبول حالیہ دور کے گلوکار کیفی خلیل نے کراچی ایٹ فیسٹیول میں خود پر حملہ ہونے اور اس میں زخمی ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے۔
گزشتہ روز سے ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے ٹوئٹس کیں اور دعویٰ کیا کہ کراچی ایٹ میں کانسرٹ کے دوران گلوکار پر بوتل سے حملہ کیا گیا جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے اور خون بہنے لگا جس کے باعث انہوں نے کانسرٹ ادھورا چھوڑ دیا اور چلے گئے۔
اب گلوکار نے ان تمام افواہوں پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ مجھ سے متعلق زخمی ہونے کی زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میں خیریت سے ہوں۔
گلوکار نے ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کے لیے پریشان تھے۔
ساتھ ہی کیفی نے گزشتہ شب کانسرٹ میں ہونے والی بد نظمی پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا اور کانسرٹ ادھورا چھوڑ کر چلے جانے کی وجہ بتائی۔
انہوں نے کہا کل جو ہوا، اس سے میں کافی پریشان ہوں، خواتین کو اپنی فیملی اور دوستوں کے ہمراہ ایونٹ کا لطف اٹھانے آئی تھیں، انہیں لڑکوں کے گروپ نے ہراساں کیا۔
کیفی خلیل نے کانسرٹ درمیان میں ہی منسوخ کرنے سے متعلق لکھا کہ میں نے اسی لیے کانسرٹ ادھورا چھوڑا کیونکہ وہاں جو ہورہا تھا وہ میرے لیے قابل برداشت نہیں تھا۔
انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ برائے مہربانی خواتین کے لیے مناسب انتظام کیا جائے تاکہ اس قسم کے ناگوار واقعات پیش نہ آئیں، لوگ ایسے ایونٹس میں محظوظ ہونے آتے ہیں۔
گلوکار نے کہا یہ میرے ساتھ دوسری مرتبہ ہوا ہے جب بدنظمی کے باعث مجھے کانسرٹ بیچ میں چھوڑنا پڑا، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو دوسروں سے عزت سے پیش آنے کا بھی کہا۔