09 جنوری ، 2023
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں پاکستان کو کس ملک نے کتنی امداد دینے کا اعلان کیا اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈکے شہر جنیوا میں موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کے لیے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں عالمی اداروں اور ممالک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کی بحالی کے لیے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد دینےکا وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 4 ارب 20کروڑ دینے کا اعلان کیا ہے، ورلڈ بینک کی طرف سے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا وعدہ کیا گیا ہے ۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کیلئے ایک ارب ڈالرکا اعلان کیاہے، سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کا اعلان بحالی کے کام میں تعاون کیلئے کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 1.5 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یورپی یونین نے 50 کروڑ یورو کا اعلان کیا، جرمنی نے8 کروڑ 80 لاکھ یورو دینے کا وعدہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ چین نے 10 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا، جاپان نے پاکستان کیلئے 7کروڑ 70 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا جبکہ یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ ڈالر اور فرانس نے 34کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے ایک ارب ڈالر اور برطانیہ کی جانب سے 90 لاکھ پاؤنڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جنیوا میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جانی چاہیے، پاکستان موسمیاتی تباہی، عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیہ پن کا ایک ساتھ شکار ہوا، انفرا اسٹرکچرکی بحالی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیرممالک کیلئے قرضوں سے نجات، مالی امداد تک رسائی کیلئے مزید طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو 3سال کی مدت میں 16 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد درکار ہوگی، ترقی یافتہ ممالک کو مزید مالی مدد کرنی چاہیے۔
انتونیو گوتریس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائےگا، تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔