10 جنوری ، 2023
خیبر کے علاقے عالم گودر میں بورنگ کیلئے کھودے گئے 280 فٹ گہرے کنویں میں بچہ گرگیا جبکہ بچے کو کنویں سے نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عالم گودر میں بورنگ کیلئے کھودے گئے کنویں میں بچہ آج دوپہر 2 بجے گرا۔
حکام نے بتایا کہ کنواں 280 فٹ گہرا ہے، اس کی گہرائی زیادہ اور چوڑائی تنگ ہے جبکہ بچے تک سرچ کیمرے کی مدد سے رسائی مل گئی ہے۔
ریسکیو اہل کار 280 فٹ کی گہرائی میں موجود بچے کو بچانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔
انچارج ریسکیو 1122 کے مطابق زیادہ گہرائی اور کم چوڑائی کی وجہ سے ریسکیو میں مشکلات کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی سمیت دستیاب تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے جسم کا بیشتر حصہ مٹی میں دب گیا ہے۔