12 جنوری ، 2023
پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری گورنر کو موصول ہوگئی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا کہ انہیں سمری موصول ہوچکی ہے۔
بعد ازاں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ جوبھی فیصلہ کروں گا بھاری دل سےکروں گا، پنجاب اسمبلی عوامی نمائندگان کاہاؤس ہے، اسمبلی کو تحلیل کرنا کوئی آسان فیصلہ نہیں ہوتا۔
گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایڈوائس پر عمل درآمد کرنا ناخوشگوار لمحہ ہوگا۔
ذرائع گورنرہاؤس کا کہنا ہے کہ گورنرپنجاب کل وزیراعلیٰ پنجاب کی ایڈوائس پرفیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کرکے گورنر پنجاب کو ارسال کردی تھی۔
اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں، پنجاب اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے، گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود تحلیل ہوجائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم مسلم لیگ ق، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، نگران حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔