14 جنوری ، 2023
پشاور کے سربند تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر اور ان کے 2 گن مین شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پشاور میں دہشتگردوں کے سربند تھانے پر دستی بموں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر سردار حسین اور ان کے دو گن مینز ارشاد اور جہاں زیب شہید ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں دہشتگردوں کی جانب سے اسنائپرگن اور دستی بموں کا استعمال کیا گیا ہے بعد ازاں پولیس کی اضافی نفری اوربکتر بند گاڑیاں پولیس اسٹیشن سربند پہنچیں۔
پولیس کے مطابق 6 سے 8 دہشتگردوں نے تین اطراف سے تھانے پر حملہ کیا، حملے کی اطلاع پر ڈی ایس پی تھانے پہنچے تھے، گاڑی پارک کر کے پیدل آگے بڑھ رہے تھے کہ دہشتگردوں نے اسنائپر رائفلز سے انہیں نشانہ بنایا، گولیاں ان کے سر اور جسم پر لگیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے سے شہید تینوں اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز آفتاب نے بتایا کہ دہشتگردوں نے پشاور کے سربند تھانے پر اسنائپرگنز کے زریعے فائرنگ کی اور تھانے میں 5 دستی بم پھینکے جن میں سے ایک پھٹا باقی 4 ناکارہ بنادیے گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق حملے کے بعد تمام دہشتگرد فرار ہو گئے، آپریشن ختم کردیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں جاری سرچ آپریشن ختم کردیا گیا ہے اور صبح دوبارہ سرچ آپریشن کیا جائے گا۔