16 جنوری ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی نتائج فوری جاری کرنے کو یقینی بنائے،انتخابی نتائج میں تاخیر امیدواروں میں بےچینی کا سبب بن رہی ہے۔
انتخابی نتائج میں تاخیر پر بیان دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا کہ تاخیر سے نتائج کے اجراء سے پورا انتخابی عمل بلاجواز متنازعہ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ فارم 11 اور 12 فراہم نہیں کیے جا رہے، کچھ ڈپٹی کمشنر نتائج دینے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آر اوز نے نتائج کا اعلان نہیں کیا تو شہر بھر میں دھرنے ہوں گے۔
اس صورتحال پر پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیا کہ کل تک جماعت اسلامی الیکشن کرانے کا کہہ رہی تھی، اب نتائج آنے لگے تو جماعت اسلامی دھرنوں کی بات کر رہی ہے۔