16 جنوری ، 2023
بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت کے شوہر عادل درانی نے آخر کار اداکارہ سے شادی کی تصدیق کردی۔
گزشتہ ہفتے خبر سامنے آئی کہ معروف رقاصہ راکھی ساونت نے عادل درانی سے دوسری شادی کرلی جب کہ انہوں نے اسلام قبول کرکے نام بھی فاطمہ رکھ لیا ہے۔
اس حوالے سے خود راکھی نے بھی تصدیق کی لیکن ان کے دوسرے شوہر مسلسل شادی کی نفی کیے جارہے تھے، بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ تک کہا کہ نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سب جعلی ہیں۔
تاہم اب پیر کی صبح عادل نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے راکھی سے شادی کا اعلان کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا 'آخر کار میں شادی کا اعلان کر رہا ہوں، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ راکھی سے میری شادی نہیں ہوئی، مجھے کچھ چیزیں سنبھالنی تھیں، اس لیے اپنی شادی چھپائی'۔
عادل کی اس پوسٹ پر معروف بھارتی اداکاروں نے مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل راکھی ساونت کی کلمہ پڑھتے ہوئے نکاح کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس کے بعد راکھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا۔