Time 18 جنوری ، 2023
کھیل

شاہین آفریدی مکمل فٹ، بولنگ ایکشن دکھانے کیلئے تیار

ورلڈکپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا: قومی کرکٹر/ فوٹو جیونیوز
ورلڈکپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا: قومی کرکٹر/ فوٹو جیونیوز

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اب کھیلنے کے لیے مکمل تیار  ہیں اور فٹنس کے لیے تمام ضروریات مکمل کر لی ہیں۔

شاہین آفریدی نے ٹریننگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ’اب مجھ میں اسی طرح کی انرجی ہے جیسے سری لنکا میں انجرڈ ہونے سے پہلے تھی، میں اسی طرح بھاگ رہا ہوں اور پہلے کی طرح بولنگ بھی کر رہا ہوں، اس لیے سمجھتا ہوں کہ میں نے تمام ضروریات مکمل کر لی ہیں اور اب ہر طرح سے کھیلنے کے لیے تیار ہوں،  میں پی ایس ایل میں ایکشن میں ہوں گا‘۔

قومی کرکٹر کہا کہ ’انجری کے باعث طویل وقت کے لیے ٹیم سے باہر رہنا مشکل تھا، کبھی کبھی یہ بھی ذہن میں آتا تھا کہ انجری سے باہر نکلنے کے لیے اب میں مزید کچھ نہیں کر سکوں گا، میں نے اپنے لیے گول مقرر کیے ہو ئے ہیں اور اس کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیم کو میری ضرورت تھی تو میں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا، ورلڈکپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا، میرا یہی ہوتا ہے کہ میری ٹیم کو جب بھی ضرورت ہو گی میں تیار ہوں گا‘۔

شاہین کا کہنا تھا کہ ’انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کو بہت مس کیا، خواہش تھی کہ میں ہوم گراؤنڈز پر ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلوں، ٹیم نے ہوم سیریز میں اچھی کوشش کی لیکن رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں، میں بھی ہوتا تو ضرور ٹیم کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا کہ ٹیم اچھا کرے‘۔

خیال رہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں میں اپنے ری ہیب کے سلسلے میں ٹریننگ کر رہے ہیں وہ گھٹنے کی انجری کا شکار تھے۔

مزید خبریں :