19 جنوری ، 2023
مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی سابق اہلیہ بشری اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ عامر کی وصیت پر ان کا پوسٹ مارٹم رکوایا گیا۔
حال ہی میں دانیہ شاہ کی گرفتاری سے متعلق کیس میں عدالت میں پیشی کے موقع پر بشریٰ اقبال نے میڈیا سے گفتگو کی جس دوران ان کا کہنا تھا کہ دانیہ کی والدہ کی کہانیاں گھڑنے پر ہنسی آتی ہے، مجھ پر عامر کے پوسٹ مارٹم رکوانے کے الزامات لگائے گئے عامر لیاقت کی جائیداد پر کوئی تنازع تھا ہی نہیں، عامر لیاقت کا گھر آج تک سیل ہے، ان کی پراپرٹی کے ایشوز میں ہم آج تک نہیں پڑے، میں اپنے ذاتی خرچے پر اس کیس کو لڑرہی ہے۔
سابق اہلیہ کے مطابق عامر کا پوسٹ مارٹم اس لیے رکوایاگیا کیوں کہ ان کی وصیت تھی جو انھوں نے اپنے دوست ثاقب سے کی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اگر کبھی بھی مجھے کچھ بھی ہو جائے تو میرا کبھی پوسٹ مارٹم مت کروانا، انتقال کے بعد جب عامر کی میڈیکل رپورٹ میں کوئی نشان یا انجری کے شواہد نہ ملے توان کے بچوں نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنے والد کو پوسٹ مارٹم کے عمل سے نہیں گزاریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ رہی بات عامر کی جائیداد کی تو آج عامر کی سب سے بڑی جائیداد جو ان کے بچے ہیں وہ میرے پاس ہیں۔