فیکٹ چیک : بینک دستاویزات کے مطابق عمران خان نے سیلاب متاثرین کیلئے 4.8 ارب روپے اکٹھے کیے

سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ملک میں سیلاب متاثرین کےلیے فنڈز کی وصولی اور تقسم کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی تھی

فیکٹ چیک : بینک دستاویزات کے مطابق عمران خان نے سیلاب متاثرین کے لیے 4.8 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں۔

 فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے تین مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس بنائے تھے، ایک اکاؤنٹ بینک آف پنجاب، ایک بینک آف خیبر اورایک نیشنل بینک آف پاکستان میں کھولا گیا۔

سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ملک میں سیلاب متاثرین کےلیے فنڈز کی وصولی اور تقسم کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کی لائیو ٹیلی تھونز میں 15 ارب روپے جمع کروانے کے وعدے کیے گئے، جن میں سے اب تک 4.6 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔

لیکن مخالف سیاستدانوں اور سوشل میڈیا صارفین نےڈاکٹر ثانیہ نشتر اورعمران خان کی سیاسی جماعت پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اب تک جمع کی گئی رقم کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔

ڈاکٹرثانیہ نشتر کا بیان بالکل درست ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اب تک 4.8ارب روپے اکٹھے کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

دعویٰ

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ سال کے آخر میں ٹوئٹ کیا تھا کہ ”سیلاب زدگان کی امدادکے لیےPTIنےٹیلی تھون کے ذریعے 13 ارب روپے اکٹھے کرنے کا اعلان کیا۔

اب ثانیہ نشتر صاحبہ نے بتایاکہ 4.30 ارب روپے اکٹھے ھوئے جو اکاؤنٹس میں موجود ہیں۔

سوالات:

رقم 2 تہائی بڑھا کرکیوں بتائی؟

چندے کی رقم کن اکاؤنٹس میں ہے؟بےسہارامتاثرین میں اب تک تقسیم کیوں نہیں کی؟

اس ٹوئٹ کو اب تک 1,000 سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ اور 2,000سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا ہے۔

جب کہ ایک اور ٹوئٹر صارف نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر پر بینک اکاونٹس میں 4ارب روپے جمع ہونے کا جھوٹ بولنے کا الزام لگایا۔ صارف نے لکھا کہ اسٹیٹ بینک کا ڈیٹا صرف 50 ملین روپے ظاہر کرتا ہے۔

حقیقت

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کی گئی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سال عمران خان کے تین لائیو ٹیلی تھونز میں کیے گئے 15 ارب روپے کے وعدوں میں سے تقریباً 4.8ارب روپے وصول ہوئے ہیں۔

فنڈز کی وصولی کے لیے پی ٹی آئی نے بینک آف پنجاب، بینک آف خیبر اور نیشنل بینک آف پاکستان میں ایک ایک بینک اکاؤنٹ قائم کیا تھا، جب کہ امریکہ میں قائم انصاف ریلیف فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی عمران خان کے نام پر عطیات جمع کیے جارہے ہیں۔

بینک دستاویزات کے مطابق بینک آف پنجاب میں اب تک جمع ہونے والی رقم 3.4 ارب روپے ہے۔ بینک آف خیبر میں پی ٹی آئی کو 1.2 ارب روپے اور نیشنل بینک آف پاکستان میں اب تک 2.7 ملین روپے مل چکے ہیں جبکہ انصاف ریلیف فاؤنڈیشن

نے 650,000 ڈالرز (148.85 ملین روپے) اکٹھے کیے ہیں۔

دریں اثنا، اس معاملے سے واقف سرکاری افسران نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو فیکٹ چیک کو رقم کی تصدیق کی۔

ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔