دلیر مہندی ماموں بن گئے، گلوکار کا شہزادہ ہیری کے نام پیغام، میمز کا طوفان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سوشل میڈیا پر معروف شخصیات سے متعلق جعلی خبریں زیر گردش رہنا معمول کی بات ہے لیکن ایسا شاز و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے کہ کوئی فنکار  یا شخصیت جھوٹے دعوؤں کو سچ سمجھ بیٹھے اور  بغیر تصدیق کے ردعمل بھی دیدے۔

حال ہی میں اس کا شکار بھارتی پنجابی گلوکار دلیر مہندی بنے، جنہیں برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب کے حوالے سے ماموں بنادیا گیا۔

معاملہ کیا ہے؟

ہوا کچھ یوں کہ ایک پیروڈی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے جعلی خبر شیئر کی کہ شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب 'اسپیئر' میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے مشکل دور میں سکون کے لیے دلیر مہدی کے گیت سنے اور ان گیتوں نے مشکل سے نکلنے میں میری بہت مدد کی۔

ٹوئٹ میں شہزادہ ہیری کے الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ جب میں خود کو اکیلا محسوس کرتا تھا اور اپنے خاندان سے الگ ہوتا تھا تو  ہمیشہ اپنے لیے وقت نکال کر  دلیر مہندی کو سنتا تھا کیونکہ ان کے گانوں کے بول میرے حالات سے بہت ملتے تھے اور پرسکون محسوس کرنے کے لیے بہت زیادہ مدد گار ثابت ہوتے تھے۔

تاہم دلیر مہندی نے اس مزاحیہ ٹوئٹ کو سچ سمجھ لیا اور اس پر ردعمل دیا اور ساتھ ہی پرنس ہیری کا شکریہ ادا بھی کر دیا۔

گلوکار نے لکھا کہ میں گرو نانک کا شکر گزار ہوں اور ساتھ ہی اپنے والدین کا بھی جنہوں نے مجھے  ایسے انوکھے پاپ فوک ایتھنک گیت بنانے میں مدد کی۔

دلیر مہندی نے مزید کہا کہ شہزادہ ہیری آپ کا شکریہ! خدا آپ کا بھلا کرے، شکر گزار ہوں کہ میری موسیقی نے آپ کی مدد کی۔

بھارتی گلوکار کے اس ردعمل پر صارفین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں جبکہ کچھ نے تو میمز بھی بنا ڈالیں۔


مزید خبریں :