Time 23 جنوری ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کے 44 ارکان قومی اسمبلی کا استعفے واپس لینے کا فیصلہ

چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے: اسد عمر۔ فوٹو فائل
چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے: اسد عمر۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے 44 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

چند روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے بعد مستعفی پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی مجموعی تعداد 79 ہو گئی تھی۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے تو ان لوگوں نے اجلاس مؤخر کر دیا اور ہم استعفوں کی منظوری کے لیے آئے تو اسپیکر نے اس سے پہلے ہی ہمارے استعفے منظور کر لیے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کیونکہ اسپیکر ابھی تک تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، اس لیے پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسد عمر نے ٹوئٹر پر ایک 44 پارٹی اراکین کے ناموں کی فہرست شیئر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کر دی ہے، اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہو گی۔


مزید خبریں :