فیکٹ چیک : پاکستان تحریک انصاف کے دعوؤں کے برعکس عمران خان نےجنرل(ر) باجوہ کے بارے میں یہ بیان دیا تھا

ڈان نیوزکی ہیڈ لائن اسی بات کا خلاصہ ہے جو عمران خان نے ایک انٹرویو میں جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے متعلق کہی تھی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک انگریزی اخبار ڈان نیوز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ کے بارے میں بیان کا غلط حوالہ دیا۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

23 جنوری کوپاکستان تحریک انصاف کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے ڈان نیوزکی ایک خبر کی شہ سرخی شیئر کی، جس میں لکھا تھا: ”جنرل باجوہ نے نواز کو پاناما کیس کے ذریعے باہر نکالا: عمران “

پاکستان تحریک انصاف نے لکھا کہ اخبار کی یہ شہ سرخی ” گمراہ کن“ہے۔

انسٹاگرام پوسٹ میں مزیدلکھا ہےکہ”ایک بار پھر ڈان نے بے شرمی سے آج گمراہ کن سرخیاں استعمال کیں اور جعلی خبریں بنائیں، پاناما جے آئی ٹی اور جنرل باجوہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا اصل بیان یہ ہے۔“

اس پوسٹ میں انٹرویو کا ایک چھوٹا سا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا گیا، جس میں عمران خان نے پاناما پیپرز کے معاملے پر بات کی ہے، پانامہ پیپرز کی بنیاد پر ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 14,000سے زائد مرتبہ لائیک کیا گیا۔

اسی دعوے پر مشتمل ایک پوسٹ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر اظہر مشوانی نےبھی ٹوئٹر پر شیئرکی۔

حقیقت

یہ الزام بالکل غلط ہے، ڈان کی ہیڈ لائن عمران خان کے بیان کاخلاصہ ہے۔

21 جنوری کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بول نیوز پر سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اوراپریل 2017 میں قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے متعلق بیان دیا تھا، جس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پانامہ پیپرز میں کرپشن پر تحقیقات کی تھیں۔

بعد ازاں نواز شریف کو سپریم کورٹ نے اعلیٰ ترین عوامی عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔

اس انٹرویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ” ایک جنرل باجوہ تھے ایکسٹینشن سے پہلے، ایک تھے ایکسٹینشن کے بعد، ایکسٹینشن سے پہلے جنرل باجوہ میڈیا کو بٹھا کےکہتے تھےکہ انہوں نے کتنی چوری کی ہے، سب کو بتاتے تھے، ۔۔۔۔۔یعنی نواز شریف کی چوری ۔۔۔اور پھر ان کی جے آئی ٹی میں جو جنرل باجوہ نے دوبریگیڈیئر بھیجے تھے ، انہوں نے ہی ثابت کیا نواز شریف کا پانامہ کیس، جس کی وجہ سے نواز شریف آج تک معاف نہیں کر رہا جنرل باجوہ کو ، ان کا وہ داماد  آج بولا ہے ان کے خلاف، یا دو دن پہلے، تو انہوں نے پہلے بتایا کہ یہ کتنے کرپٹ ہیں ، یہی ثابت کیا جا رہا تھا پاکستان کی ایجنسیز کی طرف سے کہ یہ کتنے کرپٹ ہیں اور پھر انہی کو اٹھا کر ہمارے اوپر بٹھا دیا اور پھر ہمیں کہا کہ اب ان چوروں کے پیچھے لگو ، اس کو کہتے ہیں یو ٹرن۔“

ڈان کی شہ سرخی عمران خان کے الفاظ کی عکاسی کرتی ہے۔

ہمیںGeoFactCheck @پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔