25 جنوری ، 2023
کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جانے والے مسافر سے ہزاروں نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں۔
تفصیلات کےمطابق مسافر انور انصاری 19 جنوری کو کراچی ائیرپورٹ سے تھائی ائیر کی پرواز سے روانہ ہوا تھا، 20 جنوری کی صبح سوورنا بھومی بین الاقوامی ائیرپورٹ بینکاک پر عملے نے مسافر کے سامان کی چیکنگ کی اور اس دوران ممنوعہ سامان کی نشاندہی کی۔
تھائی حکام کے مطابق ملزم کے پاس موجود سامان سے 79,200 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جس پر مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
تھائی حکام کا بتانا ہےکہ گولیوں کے کیمیکل ایگزامن کے بعد مسافر پر نشہ اسمگل کرنے کا الزام عائد کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تھائی حکام کے مطابق مسافر انور انصاری پر کلاس ٹو سائیکو ٹراپک مادے کی اسمگلنگ کا الزام ہے جسے نشہ اسمگلنگ کی کوشش کو منظم کارروائی قرار دیا گیا ہے، واقعے میں مبینہ طور پر متعلقہ ادارے کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری کو تھائی لینڈ میں 15 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔