پاکستان
Time 25 جنوری ، 2023

ای سی سی اجلاس: سپریم کورٹ بلڈنگ کی مرمت کیلئے85 کروڑ روپے اضافی فنڈزکی منظوری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سپریم کورٹ کی عمارت میں مرمتی کام کے لیے 85 کروڑ  روپےکے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے سپریم کورٹ کی عمارت میں مرمتی کام کے لیے 85 کروڑ روپےکے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے سندھ کے سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے 8 ارب 39 کروڑ روپے امداد کی منظوری بھی دی، سیلاب متاثرہ کسانوں کو امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دینےکی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت صحت کی سمری پر ایک دوائی کی قیمت میں اضافےکی منظوری بھی دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق  پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے 3 ارب روپےکی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کو مالی طور پر خود مختاربنانےکے لیے ذیلی کمیٹی قائم کرنےکی منظوری بھی دے دی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی جائےگی۔

ای سی سی  نے اسلام آباد کے آئی 10 مرکز میں خود کش حملے کے شہدا کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ  روپے مالی امداد کی منظوری بھی دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نےگندم کی درآمد سے پہلے معائنےکے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے لیے 6 عالمی انسپیکشن کمپنیوں کی منظوری بھی دی۔

مزید خبریں :