جیو فیکٹ چیک : ڈرائی فروٹ شاہ بلوط انسولین کے انجیکشن کا متبادل نہیں

ذیابیطس کے کئی ماہرین نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد اور غلط ہے۔

سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ بلوط نامی ایک مقامی ڈرائی فروٹ کھانا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے اور اس کا اتنا ہی اثر ہوتا ہے جتنا انسولین کے انجیکشن کا۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

11 جنوری کوکسان پاکستان نامی ایک ٹوئٹراکاؤنٹ نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے شاہ بلوط کے مبینہ فوائد پر مشتمل ایک ٹوئٹ کی۔

ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ” چلغوزے کے برابر آمدن ،انتہائی گرم ہے قوت مدافعت کو بڑھاتاہے، شوگر کے مریضوں کے لیے ایک دانہ کھانے کا رزلٹ انسولین ٹیکے جیسا ہوتا ہے۔“

اس ٹوئٹ کو اب تک 92 ہزار  مرتبہ دیکھا اور 1567  مرتبہ لائیک کیا جاچکا ہے ۔

حقیقت

ذیابیطس کے ماہرین نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ شاہ بلوط ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

اسلام آباد میں قائم ذیابیطس سینٹر کے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید نے اسے ”بالکل فضول “ قرار دیا۔

انہوں نے جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ”اس طرح کی کوئی بات نہیں کہ اس [شاہ بلوط ]کا ایک دانہ کھانے سے انسولین کے برابر ہو جائے گا۔“

ڈاکٹر ذاکر علوی، جو کہ ایک اینڈو کرائنولوجسٹ اور لیاقت نیشنل اسپتال کراچی کے شعبہ ذیابیطس اور اینڈو کرینولوجی کے سابق سربراہ ہیں،  ان کے مطابق یہ دعویٰ ” جعلی اور جھوٹا“ہے۔

انہوں نےکہا کہ ”امریکن ذیابیطس ایسوسی ایشن کی گائیڈ لائنز آتی ہیں ہر سال تو اس میں تو ایسا کوئی دعویٰ نہیں ہے اور جتنے بڑے بڑے ریسرچ بینرز ہیں کسی میں بھی ایسی ریسرچ نہیں ہے کہ اس سے انسولین کے یونٹس کم ہوتے ہیں۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ” ابھی تک اس چیز کے بارے میں کوئی ڈیٹا یا مستند تحقیق نہیں ہے۔“

لاہور میں موجود ذیابیطس انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے ذیابیطس کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد امتیاز حسن نے بھی باقی دونوں ڈاکٹروں کی بات سے اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ”یہ محض ایک دعویٰ ہے،کیونکہ شوگر کے حوالے سے اس کی افادیت کوطبی اور سائنسی نقطہ نظر سے جانچا نہیں گیا ،اس لیے اسے [ذیابیطس کے مریضوں کو] تجویز نہیں کیا جاسکتا۔“

ہمیں@GeoFactCheckپر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔