27 جنوری ، 2023
سندھ حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے کمبل مبینہ طور پر ملک بھر میں آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس سلسلے میں لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ علی نے آن لائن آرڈر جاری کرنے پر ڈلیور کمبلوں کی ویڈیو بنا کر وائرل کی۔
شمسہ علی لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشست پر سال 2018 میں پنجاب اسمبلی کی منتخب رکن تھی۔
شمسہ علی جو سپریم کورٹ میں وکیل اور قانون دان بھی ہیں ویڈیو میں انکشاف کرتی ہیں کہ انھوں نے چند روز قبل 2 کمبل آن لائن آرڈر کیے تھے، ویڈیو میں شمسہ علی نے کمبل آن لائن آرڈر کرنے کی رسید بھی دکھائی ہے۔
شمسہ علی نے ویڈیو میں ڈلیور کیے گئے کمبل بھی دکھائے ہیں جن میں سے ایک کمبل کا ٹیگ کاٹ کر غائب کیا جاچکا تھا جبکہ دوسرے کمبل کا ٹیگ موجود ہے، جس پر سندھ حکومت کا مونوگرام اور فلڈ ریلیف تحریر ہے۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ سندھ کی مافیا مختلف ملکوں کی جانب سے عطیہ کیے گئے ریلیف کا سامان خرد برد کر رہی ہے ، یہ مافیا سردی کے موسم میں ریلیف کا ایک کمبل بھی غریب شہریوں تک پہنچنے نہیں دے رہی۔