فیکٹ چیک: حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 75 فیصد اضافہ نہیں کیا

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے حکومت سے گیس کی قیمتوں میں 75 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے لیکن ابھی تک سمری منظور نہیں ہوئی

سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں گیس کی قیمتوں میں باضابطہ طور پر 75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک نوٹیفکیشن جو جولائی سے نافذ العمل ہے اور حکومت اب اس قیمت میں اضافے کو  پرانے اور مہنگے بلوں کے ذریعے وصول کرے گی۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔

دعویٰ

13 جنوری کو ملیحہ ہاشمی نے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 75 فیصد اضافہ کیا ہے اور یہ رقم صارفین سے پرانے بلوں کے ذریعے وصول کی جائے گی۔

انہوں نے لکھا کہ اسحاق ڈار کی معاشی پالیسی کے کیا کہنے۔ گیس کی قیمتوں میں75 فیصداضافہ کر دیا ہے اور یہ اضافہ جولائی 2022 ء سے لاگو کر دیا ہے۔

ملیحہ ہاشمی کا مزید کہنا تھاکہ صارفین کو اب ہر مہینے گیس کے بل میں اضافی بل بھی آئے گا جو  پچھلے 6 ماہ کے بل میں اضافہ کر کے لگایا جائےگا۔

اس ٹوئٹ کواب تک 44,000 سے زیادہ مرتبہ دیکھا اور  900 سے  زائد مرتبہ ری ٹوئٹ کیا جاچکا ہے۔

ملیحہ ہاشمی نے 19 جنوری کو  بھی اپنی ٹوئٹ میں یہی دعویٰ دہرایا۔

حقیقت

سرکاری ادارے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت سے گیس کی قیمتوں میں 75 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے لیکن ابھی تک سمری کی منظوری نہیں دی گئی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی دراصل ملک میں تیل اور گیس کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے کی ذمہ دار ہے۔

اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ اتھارٹی نے 9 جنوری کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے حکومت کو سفارش بھیجی تھی۔

انہوں نے جیو فیکٹ چیک کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ”اوگرا قانون کے مطابق ہم سال میں دو دفعہ پرائس نکالتے ہیں اور  پھر ہم وہ قیمت نکال کر فیڈرل گورنمنٹ کو بھجوا دیتے ہیں کہ قیمت اب یہ ہونی چاہیے۔ گورنمنٹ قیمت انکریز  [زیادہ]کرے، نہ کرے وہ اس کا اختیار ہے۔“

عمران غزنوی نے مزید کہا کہ اگر نئی قیمت کی تجویز کو آگے بڑھا دیا جائے تو بھی صارفین سے پرانے بلوں کے ذریعے رقم وصول نہیں کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسے قیمتوں میں 75 فیصد اضافہ کہنا غلط ہے کیونکہ اوگرا پہلے ہی جولائی میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دے چکی ہے جسے اس وقت کی حکومت نے منظور نہیں کیا تھا۔

انہوں نے فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ” اگر آپ ایگزیسٹنگ قیمت سے کمپئیر کریں تو ہوسکتا ہے کہ 75 فیصد ہو، لیکن آپ اگر کمپئیر کرتے ہیں جو ہم نے جولائی میں پرائس ریکمنڈ  [تجویز] کی تھی تو  یہ 10 سے  11 فیصد بنتی ہے۔“

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔