28 جنوری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عمران نیازی نے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد اور خطرناک الزامات لگائے، عمران نیازی کے آصف زرداری پر خطر ناک اور بے بنیاد الزامات غیر ذمہ دارنہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی بے ہودہ بیان بازی سیاسی طور پر منسلک رہنے کی کوشش ہے، مخالفین کے خلاف سازشیں، الزام تراشی اور زہر اگلنا عمران کا وتیرہ ہے، قوم عمران نیازی کی نفرت پر مبنی سیاست سے واقف ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران نیازی نے اقتدار کی خاطر معاشرے کو تقسیم کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے آصف زرداری پر اپنے قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھاکہ آصف زرداری نے انہیں قتل کرانے کیلئے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے اور طاقتور لوگ منصوبے میں سہولت کار ہیں۔
پیپلزپارٹی نے عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔