فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ڈانس کرنے والا شخص بلاول بھٹو زرداری نہیں ہے

وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا شخص مہروز بیگ ہے، جو پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار ہے

متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس  جن میں زیادہ تر بھارتی ہیں، نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک شادی کی تقریب میں رقص کر رہے ہیں۔

ان ویڈیوز کو اب تک لاکھوں مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے، ویڈیو میں نظر آنے والا شخص پاکستانی وزیرخارجہ نہیں ہے۔

دعویٰ

22 جنوری کو کینیڈین مصنف طارق فتح نے تقریباً 800,000فالوورز پر مشتمل اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مندرجہ ذیل ٹوئٹ کیا۔

طارق فتح نے ایک انڈین گانے پر ایک شخص کے رقص کرنےکی ویڈیو  پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ ”پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول وہی کر رہے ہیں جو وہ سب سے بہترکرتے ہیں۔“

فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ڈانس کرنے والا شخص بلاول بھٹو زرداری نہیں ہے

اسی ویڈیو کو ایک بھارتی فلمی نقاد کمال آر خان نے بھی شیئرکیا جن کے ٹوئٹر پر 50 لاکھ سے زیادہ فالوورز  ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ” ہاہاہا! پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شاندار  ڈانس کر رہے ہیں۔“

کمال آر خان کے اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کیے جانے سے پہلے اس ویڈیو کو ہزاروں بار دیکھا گیا۔

جب کہ ایک بھارتی سوشل میڈیا اسٹار نے لکھا کہ” پاکستان بلاول بھٹو جیسے رہنماؤں کے محفوظ ہاتھوں میں ہے، وہ کشمیر چاہتے ہیں۔ “

ان کی اس پوسٹ کی گئی ویڈیو کو اب تک 1.6 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

حقیقت

اس ویڈیو میں ایک خاتون کے ساتھ رقص کرنے والا شخص مہروز بیگ ہے جوکہ ایک پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار  ہے۔

مہروز بیگ نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ ” یہ ویڈیو بھی میری ہے اور یہ انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی میرا ہی ہے جس پر یہ ویڈیو پوسٹ ہے۔ “

مہروز بیگ نے مزید بتایا کہ یہ ویڈیو 8  جنوری کو کراچی کے سن سیٹ کلب میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ریکارڈکی گئی تھی۔

ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون اداکارہ عنایہ خان نے بھی 12 جنوری کو یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔

ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔