Time 31 جنوری ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی نے پختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

آئین میں درج ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں: سابق وزیر عاطف خان/ فائل فوٹو
آئین میں درج ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں: سابق وزیر عاطف خان/ فائل فوٹو

پشاور: پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

تحریک انصاف کے صوبائی رہنماؤں نے اس حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ  اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانا لازمی ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ  کے لیے گورنر کو خط لکھا لیکن گورنر خیبرپختونخوا نے ابھی تک انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ قانون کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ  انتخابات منعقد کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، بروقت الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے،  آئین میں درج ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں لیکن اب تک گورنر نے تاریخ نہیں دی جو غیر آئینی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پتا نہیں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے، نگران کابینہ غیرسیاسی ہوتی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پی ڈی ایم کی کابینہ ہے۔

واضح رہےکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی 90 روز میں الیکشن کرانے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جو زیر سماعت ہے۔

مزید خبریں :