پاکستان
Time 03 فروری ، 2023

'آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر عمران خان کو بھی سمن جاری کیا جاسکتا ہے'

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شیخ رشید کے بعد عمران خان کو بھی سمن جاری کیا جا سکتا ہے ، پوچھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس کیا ثبوت ہیں؟

رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو شیخ رشید کے ساتھ ہوا وہ ہرگز انتقامی سیاست نہیں ہے ، ہم گرفتاریاں نہیں کرنا چاہتے ، مگر بیانات کے ذریعے جو دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے وہ بھی تو ختم ہونی چاہیے ۔ 

انہوں نے کہا کہ فواد چودہدری اور شیخ رشید کو یہ بیانات دینے کو حکومت نے نہیں کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے منہ پر کپڑا ڈال کے عدالت لانے کے معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں، ایسا کرنا حکومتی پالیسی نہیں تھی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم عمران خان نے آصف زرداری پر اپنے قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا تھا۔

اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے انہیں قتل کرانے کیلئے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا  اور طاقتور لوگ منصوبے میں سہولت کار ہیں۔

مزید خبریں :