04 فروری ، 2023
اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کے بعد سابق وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیاگیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کا جیل مینوئل کے مطابق طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔
جیل ذرائع بتاتے ہیں کہ شیخ رشید کی طبیعت نارمل ہے اور وہ بلڈپریشر کے مریض ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضروری ادویات کے ساتھ شیخ رشید کو ہائی سکیورٹی بیرک میں منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا۔
عدالت نے سندھ پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا بھی مسترد کی اور قرار دیا کہ پہلے متعلقہ عدالت سے اجازت لیں پھر آرڈر عدالت میں جمع کروائيں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی میں بھی شیخ رشید پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر پیپلز پارٹی کے کارکن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔